💬 📜

Discover Life-Changing Quotes

Click to explore thousands of inspirational quotes


بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے اپنی پچھلی فلم لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کے بعد طویل وقفے کے بعد پھر سے تہلکہ مچانے کے لیے میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا۔

عامر خان اپنے مداحوں کے لیے اس بار سنہ 2007 کی سپرہٹ فلم تارے زمین پر کے سیکوئل کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔

اس سیکوئل کا نام معمولی تبدیلی کے ساتھ ’’ستارے زمین پر‘‘ رکھا گیا ہے۔ مداحوں کا انتظار ختم ہوا اور فلم کا ٹریلر بالآخر جاری کردیا گیا۔

عامر خان ایک بار پھر ایک ایسی فلم کے ساتھ واپس آ گئے جو ناظرین کو رُلا دے گی، ہنسا دے گی اور دل سے جھنجھوڑ کر ایک نیا عزم اور حوصلہ دے گی۔

ٹریلر میں عامر خان کو ایک باسکٹ بال کوچ کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو ذہنی طور پر معذور بچوں کو تربیت دیتے ہیں۔

فلم کا مرکزی اور دل کو چھو لینے والا پیغام “سب کا اپنا اپنا نارمل” ہے۔ یعنی کسی کے نارمل اور ابنارمل ہونے کا معیار الگ الگ ہے۔ یہ سلوگن معاشرے میں قبولیت اور انفرادیت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ٹریلر میں محبت، ہنسی اور جذبات کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے، جو ناظرین کو ایک دلکش سفر پر لے جاتا ہے۔

 

فلم کی سب سے خاص بات اس میں 10 نئے اداکاروں کا ڈیبیو کرنا ہے جن کے نام اروش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سموِت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشش پینڈسے، رشی شہانی، رشبھ جین، نمن مشرا، اور سمرن مانگیشکر ہے۔

عامر خان کے ساتھ اداکارہ جنیلیا ڈیسوزا بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی ہدایتکاری آر ایس پرسنا نے کی ہے اور اسے عامر خان اور اپرنا پُروہت نے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کے گانے شنکر-احسان-لائے نے ترتیب دیے ہیں جبکہ نغمات امیتابھ بھٹاچاریہ نے لکھے ہیں۔ پس منظر موسیقی رام سمپت نے دی ہے اور اسکرین پلے دیوی ندھی شرما نے تحریر کیا ہے۔

ستارے زمین پر 20 جون 2025 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے ٹریلر کو مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور شائقین کا کہنا ہے کہ یہ فلم عامر خان کی ایک اور بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔

 



Leave A Reply

Please enter your comment!
Please enter your name here