اپریل 2022 میں سی بی آئی نے ’کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ‘ معاملہ کی تحقیقات شروع کی تھی۔ ستیہ پال ملک نے بذات خود کئی انٹرویو اور پروگرامز میں الزام عائد کیا تھا کہ اس پروجیکٹ میں بدعنوانی ہوئی تھی۔

جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے خلاف سی بی آئی نے بدعنوانی کے ایک معاملہ میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ان کے علاوہ 2 پرسنل سیکریٹری اور 4 دیگر افراد کو بھی اس معاملہ میں ملزم بنایا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق یہ معاملہ ’کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ‘ معاملہ میں بدعنوانی سے منسلک ہے، اُس وقت ستیہ پال ملک جموں و کشمیر کے گورنر تھے۔
واضح ہو کہ اپریل 2022 میں سی بی آئی نے اس معاملہ کی تحقیقات شروع کی تھی۔ ستیہ پال ملک نے بذات خود کئی انٹرویو اور پروگرامز میں الزام عائد کیا تھا کہ اس پروجیکٹ میں بدعنوانی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ گورنر تھے تو اس پروجیکٹ کی منظوری کے لیے انہیں رشوت کی پیشکش کی گئی تھی۔ یہی نہیں ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ان کے پرسنل سیکرٹری نے بتایا کہ ان ڈیلز (سودوں) میں دوسرا معاملہ ہے اور اگر وہ منظوری دیتے ہیں تو ہر فائل پر 150 کروڑ روپے مل سکتے ہیں۔ 2 فائلیں تھیں تو 300 کروڑ کا آفر تھا۔
مذکورہ بالا معاملہ کے انکشاف کے بعد ہی سی بی آئی نے 20 اپریل 2022 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملہ میں چناب ویلی پاور پروجیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ایک پرائیویٹ کمپنی اور کچھ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج ہوا تھا۔ پھر یہ بات سامنے آئی کہ کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے ٹینڈر میں طریقۂ کار پر عمل نہیں ہوا۔ ایجنسی کے مطابق اسی وجہ سے اس معاملہ کی تحقیقات ستیہ پال ملک تک جا پہنچی تھی۔ واضح ہو کہ ستیہ پال ملک اس معاملہ پر مسلسل تنقید کرتے رہے ہیں کہ ’’آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ جس نے بدعنوانی کے الزام عائد کیے ہوں، اسی کے خلاف تحقیقات ہونے لگے اور مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔