💬 📜

Discover Life-Changing Quotes

Click to explore thousands of inspirational quotes


سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کی ایک مبہم سی انسٹاگرام پوسٹ پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا جسے حیران کن طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی سے جوڑا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر وفاقی اداروں کی تفتیش کا سامنا کر رہے ہیں۔

جیمز کومی نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کی تھی جس میں سمندر کنارے موجود سیپوں کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ وہ “8647” کے ہندسے دکھائی دے رہے تھے۔

یاد رہے کہ سابق ڈائریکٹر ایف بی آئی جیمز کومی کو 2017 میں اُس وقت کے صدر ٹرمپ نے برطرف کردیا تھا۔ کومی کے ٹرمپ سے اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

تاہم اس پوسٹ پر MAGA (میگا) کے حامیوں نے شدید تنقید کی جب کہ ٹرمپ کی ٹیم کے اہم اراکین نے تصویر کو صدر ٹرمپ کو “دھمکی” قرار دیا۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم، جن کا ادارہ خفیہ سروس (Secret Service) کی نگرانی کرتا ہے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر کہا کہ ڈی ایچ ایس (DHS) اور خفیہ سروس اس “خطرے” کی تحقیقات کر رہے ہیں اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔

نیشنل انٹیلیجنس ڈائریکٹر ٹلسی گیبارڈ نے فاکس نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیمز کومی کو جیل بھیجا جانا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا: “یہ جیمز کومی میرے والد کو قتل کرنے کی کھلی دعوت دے رہا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ڈیموکریٹس اور میڈیا ہیرو سمجھتے ہیں؟ پاگل پن ہے!

جس پر جیمز کومی نے ایک وضاحتی پوسٹ میں لکھا کہ وہ محض چہل قدمی کے دوران ان سیپیوں تک پہنچے اور انھیں لگا تھا کہ شاید یہ کوئی سیاسی پیغام ہو۔

انھوں نے مزید لکھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ چند بیوقوف میری سیپیوں والی پوسٹ کو اس قدر منفی طور پر لیں گے اور اسے تشدد سے جوڑ دیں گے۔

جیمز کومی نے یہ بھی بتایا کہ میں نے ان منفی رویوں اور تنازع پیدا ہوجانے کی وجہ سے اپنی وہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔ 

ٹرمپ کے حامیوں کا کیا اعتراض ہے ؟

دراصل جیمز کومی نے ہندسہ 8647 شیئر کیا تھا اگر اسے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے یعنی 86 اور 47 تو اس کے معنی نہایت خطرناک نکلتے ہیں۔

ہندسہ 86 ایک پرانا امریکی سلیگ ہے جس کا مطلب ہے “نکال دینا” یا “ختم کر دینا” جب کہ 47 سے مراد امریکا کے 47 ویں صدر ٹرمپ ہیں۔

اس طرح یہ تاثر پیش کیا جا رہا ہے کہ 8647 کا مطلب ہو سکتا ہے “ٹرمپ کو ختم کر دو”۔

اس لیے ٹرمپ کے حامی اور وفادار سابق ڈائریکٹر ایف بی آئی جیمز کومی پر “قتل کی ترغیب” دینے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
 

 



Leave A Reply

Please enter your comment!
Please enter your name here