14 جون کو سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 3084 کے ذریعے واپس آنے والے 439 حجاج کرام کے قافلے میں 51 ایسی خواتین شامل تھیں جو اس سال بغیر محرم کے مقدس حج پر گئی تھیں۔

بغیر محرم حج کرنے والی خواتین وطن واپسی کے بعد دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے ساتھ
نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 12 جون سے شروع ہونے والی حجاج کرام کی واپسی کے تیسرے دن، مورخہ 14 جون کو سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 3084 کے ذریعے واپس آنے والے 439 حجاج کرام کے قافلے میں 51 ایسی خواتین شامل تھیں جو اس سال بغیر محرم کے مقدس حج پر گئی تھیں۔ دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر ان خواتین حاجیوں کے استقبال کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں خود موجود تھیں، جنہوں نے تمام خاتون حاجیوں کو پھولوں کا ہار پہنا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ اس سال دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے بغیر محرم کے حج پر جانے والی 51 خواتین میں دہلی کی 20، اتر پردیش کی 22، بہار کی 2، جموں و کشمیر کی 4، پنجاب کی 1 اور اتراکھنڈ کی 2 خواتین شامل ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ بغیر محرم خواتین کے حج پر جانے کی اجازت گزشتہ چند برسوں سے حکومتِ ہند نے دی ہے، اور اب ہر سال ایسی خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی آنے والی تیسری حج پرواز کے ذریعے مجموعی طور پر 1244 حجاج کرام دہلی واپس پہنچے، جن میں 566 خواتین اور 678 مرد شامل ہیں۔