معروف امریکی بزنس وومن اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار کِم کارڈیشین نے بالآخر چھ سال کی مسلسل محنت کے بعد قانون کی تعلیم مکمل کرلی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کِم کارڈیشین نے کیلیفورنیا کے “لاء آفس اسٹڈی پروگرام” سے گریجویشن مکمل کر کے اپنے خواب کی جانب قدم بڑھایا ہے۔ یہ پروگرام امریکہ کی صرف چار ریاستوں میں دستیاب ہے، جن میں کیلیفورنیا شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق کِم نے 2018 میں ایک سان فرانسسکو لاء فرم کے ساتھ اپنی قانونی تربیت کا آغاز کیا تھا جو ان کا شوق ہے۔ یہ روایتی لاء اسکول کی بجائے ایک متبادل راستہ ہے جس میں امیدوار کسی وکیل کی زیر نگرانی قانون کی تعلیم حاصل کرتا ہے۔
کرونا وائرس کی وبا اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث ان کا تعلیمی سفر چھ سال پر محیط رہا، جبکہ عام طور پر یہ پروگرام چار سال کا ہوتا ہے۔
کِم نے انسٹاگرام پر مداحوں کو اپنی گریجویشن کی خوشخبری سُنائی اور گریجویشن پارٹی کی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ کیپ اور گاؤن پہنے اپنے سرٹیفکیٹ کے ساتھ نظر آئیں۔
ان کے بچے اور بہنیں، خلوئے اور کورٹنی کارڈیشین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خلوئے نے سوشل میڈیا پر کِم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے “قابل فخر لمحہ” قرار دیا۔