💬 📜

Discover Life-Changing Quotes

Click to explore thousands of inspirational quotes



راولپنڈی:

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2025 کے لیگ مرحلے کا آخری میچ آج راولپنڈی میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

میچ شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا مقابلہ یونائیٹڈ نے 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔ آج کے میچ کا نتیجہ نہ صرف پوائنٹس ٹیبل کی پوزیشنز کا فیصلہ کرے گا بلکہ کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مدِمقابل آنے والی ٹیم کا بھی تعین کرے گا۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ فتح حاصل کر لیتی ہے تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن یقینی بنالے گی جبکہ دوسری پوزیشن کے لیے رن ریٹ فیصلہ کرے گا۔ دوسری جانب اگر کراچی کنگز جیت جاتے ہیں یا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو وہ ایک پوائنٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن برقرار رہیں گے۔

پی ایس ایل میں کل آرام کا دن ہوگا جبکہ پرسوں سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پلے آف مرحلہ شروع ہوگا۔ بدھ کو کھیلا جانے والا کوالیفائر میچ سیزن 10 کے فائنل کے لیے براہِ راست رسائی کا موقع فراہم کرے گا۔

گزشتہ روز پی ایس ایل سیزن 10 کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندر نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس کے بعد پلے آف مرحلے کی لائن اپ بھی مکمل ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندر اور اسلام آباد اگلے مرحلے میں داخل ہونے والی 4 ٹیمیں قرار پائی ہیں، جبکہ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا سفر تمام ہوگیا ہے۔

آج ہونے والے آخری لیگ میچ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ پلے آف مرحلے میں کونسی ٹیم کس سے ٹکرائی گی۔



Leave A Reply

Please enter your comment!
Please enter your name here