تیج پرتاپ یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میرے ارجن سے مجھ جدا کرنے کا خواب دیکھنے والوں، تم کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکو گے۔ ہر سازش کو جلد ہی بے نقاب کروں گا۔‘‘

لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور بہار حکومت کے سابق وزیر تیج پرتاپ یادو پارٹی و پریوار سے 6 سال کے لیے بے دخل ہونے کے بعد سے ہی سرخیوں میں بنے ہوئے ہیں۔ پہلی بار انہوں نے پریوار کے متعلق یکم جون کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے جئے چندوں کے بارے میں ذکر کیا تھا۔ اس پوسٹ کے بعد سے ہی سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچی ہوئی اور لوگ جے چند کو لیکر طرح طرح کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ اس کے بعد تیج پرتاپ یادو کی ایک اور ’ایکس‘ پوسٹ سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے تیجسوی یادو کو ارجن بتایا ہے۔
تیج پرتاپ یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میرے ارجن سے مجھے جدا کرنے کا خواب دیکھنے والوں، تم کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکو گے، کرشنا کی فوج تو تم لے سکتے ہو لیکن خود کرشنا کو نہیں۔ ہر سازش کو جلد ہی بے نقاب کروں گا۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا کہ ’’بس میرے بھائی بھروسہ رکھنا میں ہر حال میں تمہارے ساتھ ہوں، فی الحال دور ہوں لیکن میرا آشیرواد ہمیشہ تمہارے ساتھ تھا اور رہے گا۔ میرے بھائی ممی پاپا کا خیال رکھنا، جے چند ہر جگہ ہیں اندر بھی اور باہر بھی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پارٹی اور پریوار سے 6 کے لیے معطل ہونے کے بعد تیج پرتاپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اتوار کو اپنے والدین (لالو پرساد یادو-رابڑی دیوی) کے متعلق پوسٹ کیا تھا۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’میرے پیارے ممی پاپا۔۔۔میری ساری دنیا بس آپ دونوں میں ہی جاگزیں ہے۔ بھگوان سے بڑھ کر ہے آپ اور آپ کا دیا کوئی بھی حکم۔ آپ ہو تو سب کچھ ہے میرے پاس۔ مجھے صرف آپ کا اعتماد اور پیار چاہیے نہ کہ کچھ اور۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا کہ ’’پاپا آپ نہیں ہوتے تو نہ یہ پارٹی ہوتی اور نہ میرے ساتھ سیاست کرنے والے کچھ جے چند جیسے لالچی لوگ۔ بس ممی پاپا آپ دونوں ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں۔‘‘